Skip to content
ذہین شاہ تاجی

ذہین شاہ تاجی

1902-1978 | کراچی ، پاکستان
برصغیر کے معروف صوفی، اردو شاعر، فلسفی اور عالم

معروف اردو صوفی شاعر، فلسفی، اسکالر ذہین شاہ تاجی کا تعلق صوفیا کے سلسلہ چشتیہ سے ہے۔ ان کا سلسلۂ نسب دوسرے خلیفہ عمر فاروق سے ملتا تھا۔

ذہین شاہ تاجی
معلومات شخصیت
پیدائش1902
جے پور، بھارت
تاریخ وفاتجوالائی 23، 1978
قومیتپاکستانی
عملی زندگی
پیشہتصوف، شاعر، فلسفہ، scholar

نام

ان کا اصل نام محمد طاسین فاروقی اور "ذھین” تخلص تھا۔ آپ کے والد پیرزادہ خواجہ دیدار بخش فاروقی ہیں۔


ولادت

1902ء میں ہندوستان کے صوبے راجستھان کے قصبہ کھنڈیلہ ضلع توڑاوائی جو تاریخی گلابی شہر جے پور میں ہے پیدا ہوئے۔


حالات زندگی

ذہین شاہ تاجی مذہبی عالم، دانشور، غزل کے شاعرہونے کے علاوہ انھیں اردو، فارسی، ہندی، عربی اور انگریزی پر بھی دسترس تھی۔ ان کے مرشد یوسف شاہ تاجی تھے۔ ذہین شاہ تاجی تاج الدین بابا ناگوری کے معتقد بھی تھے۔ عطر اور سرمہ لگاتے تھے۔ عام آدمیوں کے لیے ان کے دروازے ہمیشہ کھلے رہتے تھے بہت مہمان نواز تھے۔ جب بھی لنگر او دعوت ہوتی تو بچوں کو پہلے کھانا کھلانے کا کہتے تھے۔ ان کے شاعرانہ الہام میں مخصوص شعری جمالیات کی خوشبو پھیلی ہوتی تھی۔


علمی خدمات

انھوں نے ابن عربی کی کتاب۔۔”فصوص الحکم”۔۔ اور منصور بن حلاج کی مشہور تصنیف؛؛”الطوسین”۔۔ کا اردو ترجمہ کیا۔ جس میں خدا اور ابلیس (شیطان) کا مکالمہ بھی شامل ہے۔ ان کی سب سے اہم کتاب”تاج الاولیاء” بابا تاج الدین ناگوری کی سوانح عمری جو اردو اور فارسی میں لکھی گئی تھی۔ ذہین شاہ تاجی نے سولہ (16) سے زائد کتابیں لکھیں۔ عموماً وہاں پر مذہبی اور علمی مباحث ہوا کرتی تھیں۔ تاجی بابا کی باتوں میں بلا کا کمال، جمال اور جلال ہوتا تھا۔ ایک دن "سجدے” پر بحث شروع ہو گئی۔ انھوں نے سجدے کی کوئی دو/2 درجن اقسام گنوائی اور اس کی عام فہم تشریح بھی کی۔ ان کے گفتگو میں بہت علمیت ہوتی تھی اور عشا کی نماز کے بعد مشاعرہ بھی ہوتا تھا۔ جس میں کراچی کے شعرا حصہ لیتے تھے۔


حلقہ احباب

ان کا حلقہ احباب بہت وسیع تھا۔ ان کے علمی اور ادبی حلقے میں اے بی حلیم المعرف ابّا حلیم (سابق شیخ الجامعہ، جامعہ کراچی) ماہر القادری (مدیر فاران)پروفیسر غلام مصطفے، پروفیسر کرار حسین ( سابق وائس چانسلر، بلوچستان یونیورسٹی )، حسرت کشگجوی، مولانا کوثر نیازی، رشید ترابی، جوش ملیح آبادی، ابو الخیر کشفی، اطہر نفیس، الیاس عشقی، رئیس امرہوی، ڈاکٹر محمود احمد ( سابق صدر شعبہ فلسفہ، جامعہ کراچی)، ڈاکٹر علی اشرف ( سابق صدر شعبہ انگریزی، جامعہ کراچی، 1971 میں بنگلہ دیش چلے گئے تھے) ڈاکٹر منظور احمد (وائس چانسلر، ہمدرد یونیورسٹی کراچی)پروفیسر مجتبیٰ حسین (صدر شعبہُ اردو بلوچستان یونیورسٹی )، سید محمد تقی اور سلیم احمد شامل تھے ( فہرست طویل ہے)۔ 60 کی دہائی میں کراچی میں شاعر اطہر نفیس کے سوتیلے بھائی کنور اصغر علی خان کے گھرواقع نشتر روڈ (سابقہ لارنس روڈ) پر ذہین شاہ تاجی آیا کرتے تھے۔ ذہین شاہ تاجی پان بہت شوق سے کھاتے تھے۔


تصانیف

  • لمعات جمال
  • اجمال جمال
  • آیات جمال

وفات

23 جولائی 1978ء میں کراچی میں انتقال ہوا۔ کراچی کے میوہ شاہ کے قبرستان میں ان کا آستانہ تھا جہاں ہر جمعرات کو سماع اور لنگر کا اہتمام بھی ہوتا تھا۔


نمونہ کلام

غزل

وہ آئیں گے وہ آتے ہیں وہ آنے کو ہیں وہ آئے
تصور کو وہ بہلائیں تصور ہم کو بہلائے
وہ چمکا چاند چھٹکی چاندنی تارے نکل آئے
وہ کیا آئے زمیں پر آسماں نے پھول برسائے
ازل سے تا ابد ہے جلوہ فرما حسن صد شیوہ
وہی صاحب نظر ہے جو برابر دیکھتا جائے
کہاں انساں کہاں عقل و خرد کی بیڑیاں توبہ
ذرا بھی عقل ہو تو آدمی دیوانہ ہو جائے
وجود نور پر موقوف ہیں آثار ظلمت بھی
نہ ہوگی روشنی تو پھر کہاں جائیں گے یہ سائے
ذہینؔ آسودگی راہ طلب میں ہے زیاں کاری
ہزاروں کوس ہیں وہ دور جو اک لمحہ سستائے

غزل

خاک سے لالہ و گل سنبل و ریحاں نکلے
تم بھی پردے سے نکل آؤ کہ ارماں نکلے
بند آنکھیں کئے ہم منتظر جلوہ رہے
جب کھلی آنکھ تو خود جلوۂ جاناں نکلے
بے تکلف مجھے آزاد نگاہی منظور
خود تعین سے مگر جلوۂ جاناں نکلے
شیخ میخانے میں آنے کو مسلمان آیا
کاش میخانے سے نکلے تو مسلماں نکلے
کیا کوئی بزم حسیں زیر زمیں اور بھی ہے
پھول کیوں چاک جگر چاک گریباں نکلے
رنگ و بو قافلہ در قافلہ آئے تھے ذہینؔ
چند اڑتے ہوئے سائے تھے گریزاں نکلے

غزل

کہیں عنوان بدلا ہے کہیں طرز بیاں بدلا
ازل سے تا ابد افسانۂ ہستی کہاں بدلا
مکیں بدلے مکاں بدلا زمیں بدلی زماں بدلا
نہ بدلے حسن و الفت ہاں زمین و آسماں بدلا
بدلنے کو ہزاروں کروٹیں بدلیں زمانے نے
مگر میری جبیں بدلی نہ تیرا آستاں بدلا
لباس نو بنو ہر دور میں بدلے ہیں دونوں نے
نہ عشق سرمدی بدلا نہ حسن جاوداں بدلا
وہی پہلا تبسم آج تک ہے حسن کے لب پر
وہی پہلی فغان عشق ہے جس سے جہاں بدلا
تغیر سے بری حسن و محبت کی گل افشانی
گراں گزری زمانے پر زمانہ سر گراں بدلا

ذہین شاہ تاجی کی ترجمہ کردہ کتابیں

صفحہ 1

ذہین شاہ تاجی کی کتابیں

صفحہ 1

اردو کتابیں 2020ء۔ جملہ حقوق محفوظ ہیں

صرف کتاب ڈان لوڈ ہو سکتی ہے