Skip to content
عبادت بریلوی

عبادت بریلوی

(1920—1998) لاہور، پاکستان
اردو مصنف ، لکھاری اور ادیب
اردو زبان و ادب کے ممتاز استاد محقق نقاد،اردو تنقید کا ارتقا،تنقیدی زاویے،غزل اور مطالعہ غزل،غالب کا فن،غالب اور مطالعہ غالب،تنقیدی تجربے،جدید اردو تنقید اور شاعری کی تنقید جیسی تصنیفات کے مصنف۔

پروفیسر ڈاکٹر عبادت بریلوی (پیدائش: 14 اگست 1920ء- وفات: 19 دسمبر 1998ء) پاکستان سے تعلق رکھنے والے اردو زبان کے نامور اردو نقاد، محقق، معلم، خاکہ نگار اور سفرنامہ نگار تھے جو اپنی تصنیف اردو تنقید کا ارتقا کی وجہ سے مشہور و معروف ہیں۔

عبادت بریلوی
معلومات شخصیت
پیدائش14 اگست 1920ء
بریلی، برطانوی ہند
وفات19 دسمبر 1998ء (78 سال)
لاہور، برطانوی ہند
مدفنسمن آباد، لاہور
شہریتپاکستان
عملی زندگی
مادر علمیلکھنؤ یونیورسٹی
تعلیمی اسنادڈاکٹر آف فلسفی
پیشہپروفیسر، سفرنامہ نگار، ادبی نقاد
پیشہ ورانہ زباناردو
شعبۂ عملادبی تنقید، خاکہ نگاری، سفرنامہ، غالبیات، خود نوشت
ملازمت اورینٹل کالج لاہور، اسکول آف اورینٹل اینڈ افریقن اسٹڈیز، یونیورسٹی آف لندن، جامعہ پنجاب، جامعہ انقرہ

حالات زندگی

ڈاکٹر عبادت بریلوی 14 اگست، 1920ء کو بریلی، اتر پردیش، برطانوی ہندوستان میں پیدا ہوئے۔ ان کا اصل نام عبادت یار خان تھا۔ 1942ء میں انھوں نے لکھنؤ یونیورسٹی سے ایم اے اور 1946ء میں اسی یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔


ملازمت اور ادبی خدمات

عبادت بریلوی کی تعلیم مکمل ہوئی تو انھیں اینگلوعریبک کالج، دہلی میں ملازمت مل گئی۔ محمد علی جناح اور لیاقت علی خان بھی اس تعلیمی ادارے کے صدر رہے ہیں۔ یہ 1944ء کا دورتھا، تب تک دہلی مسلم لیگ کا گڑھ بن چکا تھا، لیکن جب پاکستان بن گیا اور مولوی عبدالحق بھارت سے ہجرت کر کے پاکستان منتقل ہو گئے تو اس کالج کی دنیا ہی بدل گئی۔ مسلمانان دہلی بھی پاکستان ہجرت کرنے لگے، لیکن عبادت بریلوی 1950ء تک وہیں رہے۔ آخر مولوی عبد الحق کے مشورے سے پاکستان آئے اور اورینٹل کالج لاہور سے ملازمت کا آغاز کیا۔ اورینٹل کالج میں گیارہ سال گزارنے کے بعد عبادت بریلوی لندن اسکول آف اورینٹل اینڈ افریکن اسٹڈیز، لندن یونیورسٹی چلے گئے۔ وہاں انھوں نے بی اے آنرز کے طلبہ کو پڑھایا۔ ساتھ ساتھ پی ایچ ڈی کے کام کی نگرانی بھی کی۔ وہاں علمی و تحقیقی کام کے نئے میدان سامنے آئے۔ انھوں نے وہاں 6 سال قیام کیا۔ اس دوران بے شمار فارسی و عربی مقالے اور نادر نسخے تلاش کر کے ان کی طباعت کی۔

1966ء میں وطن واپس آئے، تو جامعہ پنجاب کے پروفیسر مقرر ہو ئے۔1970ء میں اورینٹل کالج کے پرنسپل بنائے گئے۔ ان کے دورمیں پوری دنیا سے دانش ور اور پروفیسرز کالج میں لیکچر دینے آتے تھے۔ یوں کالج نے بین الاقوامی شہرت حاصل کر لی اور اسے مشرقی اور اسلامی علوم کا اہم ادارہ سمجھا جانے لگا۔

عبادت نے عمر عزیز کے 32 سال جامعہ پنجاب اور اورینٹل کالج میں گزارے،ایک معلم کی حیثیت سے ہزا رہا لیکچر دیے، بحیثیت ادیب ہزا رہا صفحے لکھے۔ دہلی،لاہور، لندن اور ترکی میں بے شمار تحقیقی مقالوں کی نگرانی کی۔ 14 اگست 1980ء کو ان کی مدتِ ملازمت ختم ہوئی۔ انھوں نے چالیس سالہ ملازمت کے دوران پروفیسر و صدرشعبہ، اورینٹل کالج کے پرنسپل، اسلامک اور اورینٹل لرننگ کے ڈین اور تاریخ ادبیات مسلمانِ پاکستان و ہند کے ڈائریکٹر کی حیثیت سے کام کیا۔ اس دوران 125 کتابیں تحریر کیں۔ سبکدوشی کے بعد مدت ملازمت میں توسیع ہوئی، تو دو سال کے لیے حکومت نے انھیں انقرہ، ترکی بھیج دیا۔ انقرہ یونیورسٹی میں شعبہ اردو کے پروفیسر کی کرسی خالی تھی۔ عبادت صاحب نے وہاں بھی محنت اور لگن سے کام کیا۔ اردو کی انڈر گریجویٹ کلاسوں کے ساتھ ساتھ پوسٹ گریجویٹ کلاسوں کا بھی اجرا کیا، جہاں تحقیقی کام باقاعدگی سے ہونے لگا۔ قیامِ ترکی کی روداد عبادت بریلوی نے ایک سفرنامے ترکی میں دو سال کے نام سے قلمبند کی۔ جدید ترکی کے بارے میں یہ واحد کتاب ہے جس سے ترکی اور پاکستان کے دیرینہ تعلقات اور باہمی محبت آشکار ہوتی ہے۔ تقریباً تین سال ترکی میں گزارنے کے بعد وہ فراغت کی زندگی بسر کرنے لگے۔

ڈاکٹر عبادت بریلوی کی پہچان اردو تنقید ہے، وہ اردو کے صفِ اول کے نقاد مانے جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ محقق اور سفر نامہ نگار بھی ہیں۔ ان کی تصانیف میں اردو تنقید کا ارتقا، تنقیدی زاویے، غزل اور مطالعۂ غزل، غالب کا فن، غالب اور مطالعۂ غالب، تنقیدی تجربے، جدید اردو تنقید، جدید اردو ادب، اقبال کی اردو نثر اور شاعری، شاعری کی تنقید’ کے نام سرفہرست ہیں۔ ان کے سفرناموں میں ارضِ پاک سے دیارِ فرنگ تک، ترکی میں دو سال، دیارِ حبیب میں چند روز اور لندن کی ڈائری اور آپ بیتی یاد عہد رفتہ کے نام شامل ہیں۔


تصانیف

تنقید و تحقیق
  • اردو تنقید کا ارتقا
  • تنقیدی زاویے
  • تنقید اور اصول تنقید
  • اردو تنقید نگاری
  • غزل اور مطالعۂ غزل
  • غالب کا فن
  • غالب اور مطالعۂ غالب
  • تنقیدی تجربے
  • جدید اردو تنقید
  • جدید اردو ادب
  • جدید شاعری
  • اقبال کی اردو نثر اور شاعری
  • شاعری کی تنقید
  • مراثیٔ جرأت
  • روایت کی اہمیت
  • مادھونل اور کام کندلا
  • خطوطِ عبد الحق بنام ڈاکٹر عبد اللہ چغتائی
  • گلزارِ دانش
خاکے
  • آوارگان عشق
  • جلوہ ہائے صد رنگ
  • بلا کشان محبت
  • آہوان صحرا
  • غز لان رعنا
  • شجر ہائے سایہ دار
  • یاران دیرینہ
سفرنامے
  • ارض پاک سے دیار فرنگ تک
  • ترکی میں دو سال
  • دیار حبیب میں چند روز
  • لندن کی ڈائری
آپ بیتی
  • یاد عہد رفتہ

وفات

ڈاکٹر عبادت بریلوی 19 دسمبر، 1998ء کو لاہور، پاکستان میں وفات پاگئے۔ وہ لاہور میں سمن آباد کے قبرستان میں آسودۂ خاک ہیں۔


عبادت بریلوی کی کتابیں

صفحہ 1

عبادت بریلوی کی ترتیب کردہ کتابیں

صفحہ 1

اردو کتابیں 2020ء۔ جملہ حقوق محفوظ ہیں